بجٹ صوبے کی پائیدار ترقی کا ضامن ہے،وزیر اعلیٰ پختونخوا

142

پشاور (اے پی پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ کو صوبے کی پائیداربنیادوں پر ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع بشمول ضم شدہ اضلاع کی ترقی، صحت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں کے استحکام اور سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے تمام طبقوں کی فلاح و بہبود اور ان کو ریلیف دینے پر بھر پور توجہ دی ہے اور یہ بجٹ صوبے کے پسماندہ اضلاع کو ترقی کے میدان میں دوسرے ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لانے اور عوام کی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی لانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی اور معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی کابینہ اراکین نے ناموافق مالی صورتحال کے باوجود ایک تاریخی، عوام دوست اور غریب پرور بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں پسماندہ اضلاع کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے اور اضلاع کے درمیان ترقی کی تفریق کو ختم کرنے کے لئے 61ارب روپے کی لاگت کا ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پلان تشکیل دیا گیا ہے۔