رمضان شوگر ملزکا ایف بی آر ٹیکس آڈٹ نوٹس عدالت میں چیلنج

146

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کی ملکیتی رمضان شوگر ملز نے ایف بی آر ٹیکس آڈٹ کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔رمضان شوگر ملز کی جانب سے دائر درخواست میں چیئرمین ایف بی آر، چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف بی آر نے 21 مئی کو 2015 کے ٹیکس آڈٹ کے لیے اظہار وجوہ کا نوٹس بھجوایا ہے، نوٹس میں 1ارب 93 کروڑ 35 لاکھ 18ہزار روپے کی ٹرانزیکشن کی وضاحت مانگی گئی ہے۔ایف بی آر نوٹس پر تمام دستاویزات اور ریکارڈ کی بھی فراہمی پرکمشنر ان لینڈ ریونیو نے 21مئی کو نوٹس واپس لے لیا تھا، ڈپٹی کمشنر آڈٹ نے مالیاتی ہدف حاصل کرنے کے لیے 21مئی کو بدنیتی کی بنیاد پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا جوٹیکس آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے۔استدعا ہے کہ نوٹس غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے اورایف بی آر کو رمضان شوگر ملز کیخلاف تادیبی کارروائی سے بھی روکا جائے۔