شہباز شریف کا حکومتی الیکشن بل پر اے پی سی بلانے کا اعلان

272

اسلام آباد(آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متنازع حکومتی الیکشن بل پر کُل جماعتی کانفرنس بلائی جائے گی۔ آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کا تعین تمام متحدہ اپوزیشن کی جماعتوں سے مشاورت کے بعد جلد کیا جائے گا۔ اے پی سی میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیاجائے گا۔ اے پی سی میں الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ فریقین ، سول سوسائیٹی اور میڈیا کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کی نگرانی اور اس کے عمل کو جانچنے والی مختلف تنظیموں اور اداروں کو بھی دعوت دی جائے گی۔علاوہ ازیںقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بدقسمتی سے جمہوری احتجاج، اختلاف رائے اور تنقید کو ذاتی دشمنی بنادیا ہے۔اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان پر لاٹھی چارج اور بدسلوکی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے بدقسمتی سے جمہوری احتجاج، اختلاف رائے اور تنقید کو ذاتی دشمنی بنادیا ہے، انتشار اور جبر کے ہتھکنڈے غیرجمہوری، غیرپارلیمانی اور غیرسیاسی ہیں۔پہلے قومی اسمبلی میں غیرجمہوری رویہ اپنایا گیا، اب یہی رویے بلوچستان اسمبلی میں نظر آرہے ہیں ، بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان پر تشدد اور انہیں اجلاس میں شرکت سے روکنا فسطائیت کی انتہا ہے ، حکومت ارکان اسمبلی کی بات سنے، اپوزیشن پر لاٹھی چارج اور انہیں اجلاس میں شرکت سے روکنا مسئلے کا حل نہیں، بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان کے جائز مطالبات اور محرومیوں کو دور کیا جائے ، دونوں اطراف سے تحمل اور بالغ نظری کا مظاہرے کیا جائے ۔