قومی اسمبلی اجلاس ایک بار پھر ہنگامہ آرائی کی نظر، حکومتی رکن بوتل لگنے سے زخمی

265

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر لڑائی جھگڑے کی نظر ہوگیا، اجلاس میں بجٹ کی کاپیوں کے بعد اب بوتلیں پھینکنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، بوتل لگنے سے حکومتی رکن اسمبلی زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا، قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تقریر شروع کی تو ایک بار پھر شور شرابا شروع ہوگیا، شہبازشریف کی تقریر کے دوران قومی اسمبلی میں بجٹ کاپیوں کے بعد آج سینیٹائزر کی بوتلیں چلیں، اپوزیشن رکن کی جانب سے حکومتی ارکان کی طرف بوتل پھینکی گئی جو حکومتی رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ کو لگی، بوتل اکرم چیمہ کی آنکھ پر لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔

اس واقعے کے فوری بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس 15 منٹ کیلئے ملتوی کردیا، تاہم بعد ازاں ایوان میں بڑھتی کشیدگی اور بدمزدگی کو دیکھتے ہوئے اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس کل تک ملتوی کردیا۔

اسیکر اسد قیصر کی طرف بھی کوئی چیز اچھالی گئی، جس کا انہوں نے فوراً نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ’جس نےبھی کوئی چیز اچھالی اسے ایوان سے باہر نکالاجائے‘۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ایوان میں شہباز شریف کی تقریر کے نام پر حملوں پر اتر آئی ہے۔