آٹے کا تھیلا مزید 90 روپے مہنگا ہوگا ،فلورملز نے ٹیکسوں میں اضافے کو جواز بنالیا

342

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمتیں مزید بڑھانے کی تیاری کرلی، ٹیکس کی وجہ سے 20 کلو آٹے کا تھیلا 90 روپے کلو مہنگا ہونے کا عندیہ دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ میں گندم پر ٹرن اوور ٹیکس0.25 فیصد سے بڑھا کر1.25فیصد کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ آٹے کے چوکر پر سیلز ٹیکس 7 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔وفاقی بجٹ میں فلورملز کے لیے ٹیکس میں دی گئی رعایت ختم کردی گئی ہے۔ اس کے جواب میں چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کی طرف سے ٹرن اوور ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو جولائی میں آٹے کی قیمتیں بڑھ جائیں گی جس کے بعد 20 کلو آٹے کا تھیلا 1ہزار 50 روپے سے بڑھ کر 1144 روپے کا ہوجائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو آٹے کی قیمتیں بڑھانے بارے تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ عاصم رضا نے فنانس بل میں ایف بی آر کی نادانستہ غلطی یا سوچے سمجھے ٹیکس اضافہ کی تصدیق اور صورتحال کی نشاندہی کے لیے وفاقی وزیر خزانہ کو خط ارسال کردیا ہے۔چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن نے خط میں کہا ہے کہ فنانس بل میں ممکنہ غلطی کی وجہ سے فلورملز کو کم سے کم ٹرن اوور ٹیکس کے شیڈول سے خارج کردیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ فنانس بل میں ہونے والی غلطی کی درستگی کر کے آٹا مہنگا ہونے سے بچائیں۔