وفاقی بجٹ میں بلاسود قرض دینے کی تجویز

409

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہےکہ ہر شہری گھرانے کو کاروبار کے لیے 5 لاکھ اورہر کاشت کار کو ہر فصل کی کاشت کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے بلاسود قرضے دیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدرات ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے بجٹ 2021 پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹریکٹرز اور مشینی امداد کے لیے بھی 2 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دیں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے 20 لاکھ روپے تک سستے قرضے، ہر گھرانے کو صحت کارڈ اور ایک فرد کو مفت تکنیکی تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ گھر کی خریدار یا تعمیر میں مدد کے لیے 3 لاکھ روپے سبسڈی دی جارہی ہے، جس کے لیے بجٹ میں 33 ارب روپے رکھے گئے ہیں، احساس پروگرام کے لیے 260 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ہ انسداد جنسی زیادتی فنڈ قائم کیا جارہا ہے جس کے لیے 100 ملین روپے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 66 ارب روپے اور ترقیاتی بجٹ کے لیے مزید 44 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ  مردم شماری کے لیے 5 ارب اور مقامی حکومتوں کے الیکشن کے لیے 5 ارب مختص کیے گئے ہیں۔