مسئلہ فلسطین و کشمیر حل کیے بغیر امن ممکن نہیں، گورنر پنجاب

239

لاہور (آن لائن ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ تمام اسلامی ممالک کو فلسطین کے معاملے پر متحد ہونا پڑے گا، مسئلہ فلسطین اور کشمیر حل کئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے فلسطین، مراکش اور مصر کے سفیروں سے ملاقاتیں کیں اور فلسطین میں جاری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو
سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ڈاکٹر فابیو نے فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی رکوانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ فلسطینی سفیراحمد ربعی نے گورنر پنجاب سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کی عوام کی حمایت فلسطینیوں کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ نائب صدر یورپی پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق اور امن کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری بھی ترجیح ہے۔