جونیئر ایشیا ہاکی کپ ملتوی ، کراچی میں جونیئر کھلاڑی کا کیمپ کا اختتام

164

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام لگائے گئے جونئیر ہاکی کیمپ کا اختتام ہوگیا۔ اس کے ساتھ ہی دوسری مرتبہ ایشیا ہاکی ایسوسی ایشن نے جونئیر ایشیا کپ کے ملتوی ہونے کا اعلان کردیا۔ ٹورنامنٹ ڈھاکا ، بنگلا دیش میں شیڈول ہے۔نمائندہ جسارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہویے ہیڈ کوچ دانش کلیم کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے باوجوہ رمضان المبارک ٹورنامنٹ کے لیے بہترین تیاری کی اور کوچز کے بتائے ہوئی ٹپس کے زریعے انہوں نے مشقیں کیں۔ کووڈ 19کی وجہ سے جہاں دنیا مسائل کا شکار ہے وہیں کھیلوں پر بھی بھاری ضرب لگی ہے ۔ یہ ہی وجہ ہے کہ بنگلا دیش میں جولائی کے اوائل میں جو جونئیر ایشیا ہاکی کپ ہونا تھا وہ ایک مرتبہ پھر ملتوی ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کھلاڑیوں کو عید الفطر کی تعطیلات کے موقع پر چھٹیاں دی ہیں اور ان کی ایک ویکسین بھی ابھی باقی ہے جو 26مئی کو لگنی ہے مگر اب حالات کو دیکھتے ہویے فیڈریشن جو فیصلہ کرے گی اس کی روشنی میں دوبارہ کیمپ لگایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جونئیر ایشیا ہاکی کپ کا جب بھی انعقاد ہوگا ہمارے نوجوان قوم کو مایوس نہیں کرینگے ۔ ہم نے پہلے 37کھلاڑیوں کو کیمپ میں بلایا اور اس میں سے 27کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرکے ان کی تربیت کی۔ دریں اثنا کھلاڑی عید منانے کے لیے اپنے اپنے شہروں کو روانہ ہوگئے۔