مودی کی ہٹ دھرمی‘پاکستان سے آکسیجن درآمد کرنیکی درخواست مستر کردی

218

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ مودی کی زیرقیادت وفاقی حکومت نے پاکستان سے مائع میڈیکل آکسیجن (ایل ایم او) درآمد کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا۔ حالانکہ ملک میں کورونا وائرس سے ریکارڈ اموات کے پیش نظر آکسیجن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔امریندر سنگھ نے گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھا تھا کہ وہ فوری طور پر50 میٹرک ٹن آکسیجن مختص کرنے کے ساتھ بوکارو سے صوبے تک آکسیجن کی ترسیل کا بھی بندوبست کریں۔ ایک پریس ریلیز میں پنجاب حکومت نے کہا تھا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کے بوجھ کے باوجود وزیر اعلیٰ پنجاب آکسیجن کی دستیابی میں رکاوٹوں سے لیول ٹو اور لیول تھری بستروں کی تعداد میں اضافہ نہیں کرسکے۔ صوبے کو آکسیجن کا مختص کوٹہ نہیں مل رہا ہے۔امریندر سنگھ نے نشاندہی کی کہ بھارتی حکومت نے پنجاب کو واہگہ اٹاری بارڈر کے ذریعے پاکستان سے ایل ایم او کی تجارتی درآمد کرنے کی اجازت دینے سے بھی انکار کردیا ہے۔پریس ریلیز میں کہا تھا کہ اس یقین دہانی کے باوجود کہ متبادل ذرائع سے ہمیں مناسب فراہمی یقینی بنائی جائے گی جو کہ ایسا نہیں ہوا۔ بھارتی ادارے کے مطابق وزارت خارجہ نے پنجاب حکومت کے اس دعوے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ پاکستان سے آکسیجن درآمد کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔