افریقہ سے ہجرت جاری ، 2100 مہاجر اٹلی پہنچ گئے

392
اٹلی: تارکین وطن شمالی افریقا کے ساحلوں سے غیرقانونی طور پر اور امدادی کشتیوں میں لامپے ڈوسا پہنچ رہے ہیں

روم (انٹرنیشنل ڈیسک) بحیرۂ روم کے راستے کشتیوں کی مدد سے اٹلی پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اواخر میں کئی کشتیوں میں سوار تقریباً 1400 پناہ گزین اطالوی جزیرے لامپے ڈوسا پہنچے تھے۔ پھر پیر کے روز اطالوی سرکاری ریڈیو پر ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لامپے ڈوسا پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد 2100 سے تجاوز کر چکی ہے۔ لامپے ڈوسا کا چھوٹا سا جزیرہ شمالی افریقا اور سسلی کے درمیان واقع ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سمندر میں امدادی کارروائیاں کرنے والے کارکنوں نے خبردار کیا تھا کہ لیبیا سے بڑی تعداد میں ربر اور لکڑی کی چھوٹی کشتیوں میں سوار مہاجرین یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس دوران کئی ہول ناک حادثات بھی پیش آ رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے لیبیا کے قریب بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے تقریباً 50 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ لیبیا کی ہلال احمر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر کا تعلق افریقا کے مختلف ممالک سے ہے، جن میں مصر کے باشندے بھی شامل تھے۔