فیس بک نے ٹرمپ کا اکاؤنٹ معطل رکھنے کا فیصلہ کرلیا

172

مینلو پارک (انٹرنیشنل ڈیسک) فیس بک نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو مزید 6ماہ کے لیے معطل رکھنے کا اعلان کردیا۔ دوسری جانب سابق صدر نے فیس بک کے فیصلے کو ذلت آمیز قرار دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فیس بک کے غیر جانب دار نگراں بورڈ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فیس بک اور انسٹا گرام پر مواد پوسٹ کرنے پر عائد کردہ پابندی کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ تاہم اس فیصلے پر 6ماہ بعد نظر ثانی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ امریکا میں جنوری میں کیپٹل ہل پر حملے کے بعد فیس بک اور ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو اشتعال انگیز ی کے الزام میں بند کردیا تھا۔نگراں بورڈ نے اپنے فیصلے پر غور و خوض کرکے پابندی کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے کہا کہ حالات کی سنگینی اور تشدد کے خطرے کو دیکھتے ہوئے ٹرمپ کے اکاؤنٹ کی معطلی درست فیصلہ تھا۔