کورونا سے مزید 108 افراد ہلاک ،سندھ میں سختی بڑھانے کا فیصلہ

253

اسلام آباد‘کراچی‘مظفرآباد‘ لاہور( خبر ایجنسیاں/ اسٹاف ر پورٹر/نمائندہ جسارت) کوروناوبا کے باعث مزید 108 افراد جاں بحق ہوگئے ‘سندھ میں کاروبار جاری رکھنے کیلیے مزید 2روز مل گئے‘ سندھ حکومت نے جمعہ اور ہفتہ کو کاربار کرنے کی اجازت دیدی‘اتوار سے سخت اقدامات کافیصلہ ‘ پرچون کی دکانیں بھی شام چھ بجے بند ہوں گی، پنجاب‘ پختونخوا اور آزاد کشمیر میں عید پر تمام سیاحتی مقامات بند کرنیکا فیصلہ، اسلام آباد میں آج سے جزوی لاک ڈاو¿ن ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا سے مزید108 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد مجموعی اموات 18 ہزار 537 ہوگئی۔این سی او سی کے اعداد وشمار کے مطابق24 گھنٹے کے دوران46 ہزار467 ٹیسٹ کیے گئے ‘ جس میں4 ہزار 198 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں5 ہزار سے زاید مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شام6 بجے کے بعد کریانہ سمیت تمام دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ریسٹورنٹس کو افطار کے بعد ٹیک اوے کی اجازت بھی نہیں ہوگی تاہم وہ ہوم ڈلیوری کرسکیں گے۔رات گئے سندھ حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت سندھ نے عید الفطر کی خریداری اور تاجروں کے مطالبے کے پیش نظر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے(آج) جمعہ 7 اور(کل) ہفتہ 8 مئی کو کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی ہے اور کہاہے کہ اتوار 9 مئی سے کاروبار مکمل بند رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ ہاو¿س میں جمعرات کو کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا،جس میں صوبائی وزرا، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، پارلیمانی سیکرٹری قاسم سراج سومرو، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس مشتاق مہر، پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری داخلہ عثمان چاچڑ، سیکرٹری تعلیم احمد بخش ناریجو، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، سیکرٹری صحت کاظم جتوئی،ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل، ڈاکٹر قیصر سجاد، کور فائیو، رینجرز، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ نجی اسپتالوں کو بلا معاوضہ ویکسین لگانے کی ہدایت کریں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے تجویز پیش کی کہ عید کی تعطیلات کے دنوں میں مسافر ٹرین کی خدمات پر پابندی عاید کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے بات کریں۔دوسری جانب ہیلتھ ایمرجنسی کے دوران حکومت آزاد کشمیر اور این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں ضلع مظفرآباد کے جملہ ہوٹلز ، گیسٹ ہاﺅسز بند اورسیاحوں کے داخلے پر پابندی عاید ہو گی،اس حوالے سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عبدالحمید کیانی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جزوی طور پر لاک ڈاﺅن آج سے ہوگا جو16 مئی تک جاری رہے گا۔ علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے عیدتعطیلات کے دوران مری سمیت تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہناہے کہ 8سے 16 مئی تک مری اور صوبے کے دیگر سیاحتی مقامات بند رہیں گے،شہری تعطیلات کے دوران گھر میںرہیں۔