بیرون ملک پاکستانیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے سے محفوظ رہا،وزیراعظم

358

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، سفارتخانے اوورسیز پاکستانیوں سے اپنا رویہ تبدیل کریں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیروں سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے جس طرح چل رہے ہیں، سفارت خانے ایسے نہیں چل سکتے، بدقسمتی سے ہمارے سفیروں کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے رویہ ناروا ہوتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں سفارتخانے سے ملنے والے فیڈ بیک پریشان کن تھے، سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے میں پریشان کن صورتحال پیدا ہوئی، سٹیزن پورٹل پر سفارتی عملے کی غیرموجودگی کی شکایت ملی۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے سب سے زیادہ ترسیلات زرآتی ہیں اور ان اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ پن سے محفوظ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سمندرپار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، خواہش ہے کہ ہمارے سفیروں کا اوورسیز پاکستانیوں سے رویہ بہتر رہے، سفارت خانوں کا کام اپنے شہریوں کو سروس دینا ہے، سفارت خانوں کا نوآبادیاتی دور والا رویہ ناقابل قبول ہے، سفارتخانے اووسیز پاکستانیوں سے اپنا رویہ تبدیل کریں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے سفیر جو وقت دیتے ہیں اس پر ملتے نہیں،عوامی شکایات کے ازالے کے لیے سفارت خانوں میں کوئی نظام وضع نہیں،سٹیزن پورٹل پر سفارتی عملے کی غیرموجودگی کی شکایات ملیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی۔ملا قات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے علمائے کرام سے خصوصی گزارش کرنے کو کہا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مساجد میں ایس او پیز پر جتنا عمل ہوا اتنا کہیں نہیں ہوا تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ مساجد میں علمائے کرام عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ترغیب دیتے رہیں۔مولانا طارق جمیل نے وزیر اعظم عمران خان کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اس ضمن میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل کی دینی خدمات کو بھی سراہا۔