پاکستان بھارت کیساتھ تعلقات مسئلہ کشمیر سے مشروط کرے،عبدالرشید ترابی

110

مظفرآباد(صباح نیوز) چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال کے تناظر میں قرارداد پیش کی جو منظور کر لی گئی ،قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس ایک مرتبہ پھر واضح کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا دیر پا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں رائے شماری کے انعقاد ہی سے ممکن ہے اپنے اس ہدف کے حصول کے لیے گزشتہ پون صدی سے کشمیریوں نے 5 لاکھ سے زاید جانوں کے نذرانے پیش کیے اور گزشتہ 30 برس سے بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں، 5اگست 2019ء کے بعد نہ صرف اس ریاستی دہشت گردی میں بے پناہ اضافہ ہوا بلکہ ریاست کا تشخص اور اس کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے لیے مسلسل بھیانک اقدامات جاری ہیں جس کے خلاف ساری دنیا کے ذرائع ابلاغ ،انسانی حقوق کی تنظیموں اور اہل دانش بھرپور احتجاج کررہے ہیں۔حکومت پاکستان اپنے قومی موقف سے انحراف کرتے ہوئے بنیادی مسئلے پر ٹھوس پیش رفت کے بغیر محض چند بھارتی نمائشی اقدامات پر بھار ت سے تعلقات استوار کرنا چاہتی ہے ، یہ پالیسی نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کے لیے قاتل ثابت ہو گی بلکہ پاکستان کے ریاستی مفادات اور خودمختاری کے لیے بھی شدید نقصان دہ ثابت ہو گی اور اس کے نتیجے میں بھارت کو موجودہ عالمی دبائو سے فرار کا موقع فراہم ہو گا ا س لیے یہ ایوان حکومت پاکستان کو متوجہ کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے نئی حکمت عملی طے کرتے ہوئے پاکستانی قوم کی قیادت ،پارلیمنٹ اور کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیا جائے ۔