اسرائیلی فوج کو حملہ آور کی تلاش ، نابلس میں بڑی کارروائی

461
نابلس: قابض اسرائیلی فوج نے زعتر چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے فلسطینی کی تلاش میں عقربا قصبے کی مسجد پر دھاوا بول رکھا ہے‘ صہیونی اہل کار شہریوں کو گرفتار کرکے لے جارہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی چیک پوسٹ پر فائرنگ ک3 یہودی آبادکاروں کو زخمی کرنے والے فلسطینی کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر اسرائیلی فوج کارروائی کررہی ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض فوج نے منگل کے روز نابلس کے نواحی قصبے عقربا کا گھیراؤ کرکے بڑے پیمانے پر چھاپا مار کارروائی کی۔ اسرائیلی فوج کو عباس ملیشیا نے اس قصبے میں حملہ آور کی ممکنہ موجودگی کی اطلاع دی تھی۔ حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قصبے میں پائی گئی، تاہم اسرائیلی فوج کے پہنچنے سے قبل فلسطینیوں نے اس کار کو آگ لگا دی۔ حملہ آور کی تلاش کے دوران اسرائیلی فوج نے ایک مسجد کی بے حرمتی بھی کی۔ اسرائیلی فوجی جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہوئے اور کئی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز ایک حملے میں 3یہودی آباد کار زخمی ہوئے تھے۔ دوسری جانب اردن نے ایک بار پھرمسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیزی اور اسرائیلی فوج کی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی ریاست پر زور دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام میں اشتعال انگیزی سے باز آئے۔ اردنی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم مسجد اقصیٰ کے امور میں اسرائیل کی باربار مداخلت کو کھلی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہیں۔ اسرائیل سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ حرم قدسی کے تاریخی اور قانونی حیثیت کا احترام کرے، اور مسجد اقصیٰ کے انتظامی امور اور اوقاف میں مداخل بند کی جائے۔ القدس کے محکمہ اوقاف کو آزادی کے ساتھ مسجد اقصیٰ کے امور چلانے کی اجازت دی جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے امور میں اسرائیلی مداخلت ناقابل قبول اور کھلی اشتعال انگیزی ہے۔