الیکٹرونک مشین اور اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے آرڈیننس منظور

174

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وفاقی کابینہ نے الیکشن میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین استعمال کرنے اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے 2 آرڈیننس کی منظوری دے دی۔کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا نہیں چاہتے، امید ہے کہ بلاول اور شہباز شریف خوش ہوں گے ، کیوں کہ وہ یہ مطالبہ کررہے تھے کہ الیکشن کمیشن کو یہ رول دیا جائے ،تو حکومت نے یہ رول الیکشن کمیشن کو دے دیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ لوگ پارلیمان کا کردار نہیں دیکھتے ، سو کر اٹھتے ہیں اور عمران کی مخالف بیان داغ دیتے ہیں ، بلاول اور مریم کی صورت میں نابالغ سیاست ہم پر مسلط ہوگئی ہے لیکن ان کے بھی دو تین سال ہی ہیں۔فواد چودھری کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر پورے ملک کو نقصان ہو سکتا ہے، اینٹی ویکسین لابی صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں سرگرم ہے، جو لوگ ویکسین لگوائیں گے وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہیں گے، 40سال سے زائد عمر لوگوں کی ویکسینیشن شروع کردی گئی ہے،جولائی تک ڈھائی کروڑ لوگوں کو ویکسین لگوانے کا ہدف ہے۔وفاقی وزیر نے یہ بھی کہاکہ اپنے داخلی معاملات میں یورپی پارلیمنٹ کی کسی قرارداد کو اہمیت نہیں دیتے، اس قرارداد کا اثر پاکستان کے داخلی معاملات پر نہیں ہوگا۔