مگس بانوں کی حوصلہ افزائی کیلیے قرضے دیے جائینگے، صدر مملکت

211
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مگس بانی کے شعبے کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہد کی پیداوار اور معیار میں اضافے کے لیے مگس بانی کے جدید طریقے اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مگس بان افراد کی استعداد کار میں اضافے سے شہد کی پیداوار اور معیار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، حکومت مگس بانوں کی حوصلہ افزائی اور سہولت کے لیے وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے فراہم کرے گی۔ وہ بدھ کو یہاں پاکستان میں مگس بانی کے شعبے کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں آل پاکستان مگس بان و مگس فروش ایسوسی ایشن کے صدر ندیم قاسمی، چیئرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل ڈاکٹر محمد عظیم خان، سیکرٹری جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات پختونخوا اسلام زیب، سیکرٹری زراعت، لائیو سٹاک اینڈ فشریز خیبرپختونخوا محمد اسرار اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی آب و ہوا اور نباتات اعلیٰ معیار کے شہد کی تیاری کے لیے موزوں ہیں جبکہ مگس بانی کے شعبے میں لوگوں کو روزگار مہیا کرنے اور زرمبادلہ کمانے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ مگس بان افراد کی استعداد کار میں اضافے سے شہد کی پیداوار اور معیار میں اضافہ لایا جاسکتا ہے، مگس بانی کی ترقی کے لیے نیوٹک اور ٹیوٹا جیسے تربیتی اداروں میں اعلیٰ درجے کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ صدر مملکت نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ شہد کی پیداوار اور برآمد ات میں اضافے کے لیے شعبے کے مسائل حل کریں۔