بلوچستان، قلعہ عبداللہ میں دھماکا، 2اہلکار جاں بحق،8 زخمی

92

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار جاں بحق اور اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس موٹر سائیکل میں نصب کی گئی تھی۔ذرائع نے کہا کہ دھماکے سے پولیس کانسٹیبل حکمت اللہ سمیت 2جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس قلعہ عبداللہ عبداللہ خان مندوخیل کے مطابق دھماکے میں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ،دھماکے سے قریبی دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے قلعہ عبداللہ بازار پولیس کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیرداخلہ نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ،میرضیاء اللہ لانگو نے کہاکہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے،قوم کے اتحاد سے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے،پولیس کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔