رمضان المبارک کے دوران یونیورسٹی روڈ کے دونوں طرف 15مقامات سے ادھیڑکرچھوڑ دیا

426

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) رمضان المبارک کے دوران یونیورسٹی روڈ کی مین سڑک کو دونوں طرف سے 15مقامات سے ادھیڑکرچھوڑ دیا گیا ہے یکم رمضان سے ادھیڑی گئی سڑک 15 رمضان المبارک تک استرکاری نہیں کی جاسکی ہے جس سے یونیورسٹی روڈ سے گزرنے والی گاڑیوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خصوصا افطار سے قبل یو نیورسٹی روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوجاتا ہے، اس سے اٹھنے والی دھول مٹی سے حکومت سند ھ اور شہری انتظامیہ کو شہریوں کو ہونے والی اذیت کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی سے نیپا اور نیپا پل سے کراچی یونیورسٹی دونوں طرف سڑک کو 15 مقامات سے ادھیڑ دیا گیا ہے۔15روز گزر جانے کے بعد بھی سڑک کی کار پیٹنگ نہیں کی جاسکی ہے۔

دفاتر اور اپنے دیگر کاموں سے جانے والے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے، یونیورسٹی روڈ پر ادھیڑی گئی سڑک کے سامنے مناسب طریقے سے حفاظتی انتظام نہیں کئے جانے کی وجہ سے کئی موٹر سائیکل سوار رات کے وقت ان گڑھوں میں گر کر زخمی ہوچکے ہے۔

جبکہ سڑک کے دونوں طرف اٹھنے والی مٹی، دھول علاقہ مکینوں کی جسمانی صحت کو متاثر کررہی ہے۔ ادھیڑی گئی سڑک پرگاڑیوں کی آمد و رفت کی وجہ سے اٹھنے والی دھول اور مٹی سے شہریوں کی حالت خراب ہو رہی ہے۔سڑک کی تعمیرمیں انتظامیہ سست روی کا شکار ہے۔

شہریوں نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں بھی حکومت سند ھ اور شہری انتظامیہ کو شہریوں کو ہونے والی اذیت کی کوئی پرواہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے عوام کی جسمانی صحت کو تباہ کرنے کے بجائے صحت مندانہ ماحول کی فراہمی پر توجہ دیں اور یونیورسٹی روڈپرکھودی جانے والی سڑک کی جلد از جلد تعمیر کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔