میانمر کے فوجی حکمران کی آسیان اجلاس میں شرکت پر احتجاج

296

جکارتا (انٹرنیشنل ڈیسک) میانمر کے فوجی حکمران اور فوج کے سربراہ جنرل من آنگ ہلینگ کے آسیان اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچنے پر انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جنرل من آنگ ہلینگ جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے اجلاس میں خطے کے سربراہوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ یہ پہلا انٹرنیشنل فورم ہے، جس میں جنرل ہلینگ کو اپنے ملک میں پیدا انتشار، بحران اور پرتشدد صورت حال کی وضاحت کرنا پڑی۔ ہفتے کے روز بند کمرے میں ہونے والے اس اجلاس میں میانمر کی فوجی حکومت سے فوری طور پر تشدد روکنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور میانمر کے لیے آسیان کا خصوصی نمایندہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ میانمر کے ہمسایہ ممالک میں چین، بھارت اور تھائی لینڈ شامل ہیں، اور یہ 10رکنی تنظیم آسیان کا حصہ ہیں۔ کورونا وبا کے باوجود سربراہ اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان ذاتی طور پر شریک ہو ئے، اس طرح یہ ورچوئل اجلاس نہیںہے۔ اس مناسبت سے انڈونیشیائی وزیر خارجہ ریتنو مارسودی نے کہا ہے کہ یہ سربراہ اجلاس واضح کرتا ہے کہ آسیان تنظیم میانمر کے بحران پر گہری تشویش رکھتی ہے اور آسیان کا یہ عزم ہے کہ وہ اس ملک کو اس بحرانی صورت حال سے باہر نکالنے میں مدد کرے۔ مارسودی نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اتوار کے روز ایسا معاہدہ تشکیل پا سکتا ہے، جو میانمر کی عوام کے لیے اچھا ہو گا۔ فلپائنی وزیر خارجہ نے بھی اس سمٹ کے موقع پر میانمر کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔آسیان اجلاس میں میانمر کے فوجی سربراہ کی شرکت کو معمول سے ہٹ کر اقدام قرار دیا گیا ہے۔