کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کیلئے پاک فوج نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

359

اسلام آباد: ملک میں جاری تیسری لہر کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 157 کورونا مریض جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ وزیر اعظم اور این سی او سی کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کرتے ہوئے اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے فوج کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گشت شروع کر دیا ہے اور گشت کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے این سی او سی کے اجلاس کے بعد ملک میں کورونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر شہروں میں فوج طلب کی ہے، جس کا مقصد کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کروانا ہے۔

وزیر اعظم نے این سی او سی اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے احتیاط نہ کی تو بھارت جیسے حالات ہو سکتے ہیں ، عوام سے کہتا ہوں ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں ، اگر عوام تعاون اور احتیاط کریں تو لاک ڈاؤن کی نوبت نہیں آئے گی۔

عمران خان کا کہناتھا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پاک فوج بھی سڑکوں پر نکلےگی ، پاک فوج پولیس اور رینجرز کی مدد کرے گی جبکہ اسلام آباد انتظامیہ نے این سی او سی کی ہدایات پر تمام بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کر دیا ہے۔