محمد رضوان نے16سالہ تاریخ کا منفرد ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا

328

کراچی (اسٹاف رپورٹر):پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹی-20کرکٹ کی 16 سالہ تاریخ کا منفرد ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ محمد رضوان کیریئر کے دوران کسی بھی موقع پر 9 ٹی-20میچز میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں ۔ 28 سالہ محمد رضوان نے اپنے آخری 9 ٹی-20 میچز میں 103 کی اوسط اور 145 کے اسٹرائیک ریٹ سے 515 رنز اسکور کیے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔انہوں نے یہ اعزاز زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی -20 میچ میں حاصل کیا۔ محمد رضوان نے زمبابوے کے خلاف میچ میں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 82 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل تھے۔ اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔