عماد وسیم ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بولر ہیں،عبدالرحمان

450

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے سابق کرکٹر عبدالرحمان نے کہا ہے کہ عماد وسیم ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بولر ہیں، ٹیم کو ان کی ضرورت ہے، پاکستان کو محمد رضوان کی شکل میں طویل عرصہ بعد بہترین وکٹ کیپر بلے باز ملا ہے، محمد نواز تجربہ کار بائولر ہیں مگر ان میں اعتماد کا فقدان ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک انٹرویو میں قومی ٹیم کے سابق اسپنر عبدالرحمان نے کہا کہ محمد رضوان ایک سال سے تمام فارمیٹ میں مسلسل اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی کارکردگی سے ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی نمبر پر کھیل سکتے ہیں۔ پاکستان کو طویل عرصے کے بعد ایک بہترین وکٹ کیپر بلے باز ملا ہے جس نے ہر جگہ اپنی اہلیت کو منوایا۔ محمد رضوان آگے بھی پاکستان کو بہت سے میچوں میں فتح دلوائیں گے۔ عبدالرحمان نے کہا کہ محمد حفیظ کو لمبے عرصے کے بعد بولنگ کرتے دیکھ کر بہت اچھا لگا، انہوں نے طویل عرصے بعد بولنگ کرانے کے باوجود اپنا ردھم برقرار رکھا۔ محمد حفیظ نے اپنی بائولنگ کے ذریعے کافی میچوں میں پاکستان کو فتح دلوائی ہے۔ حفیظ نے زمبابوے کے خلاف پہلے میچ میں دوا سپیشلسٹ سپنرز موجود ہونے کے باوجود اپنے 4 اوور مکمل کیے۔