اسلام اور بودھ مت کی تعلیمات امن کا درس دیتی ہیں،وفاقی وزیر مذہبی امور

209

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ مذاہب کے درمیان باہمی احترام اوربھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسلام اور بودھ مت کی تعلیمات امن کا درس دیتی ہیں۔ پاکستان میں بودھ مت کے مقدس مقامات پر مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔ وہ گزشتہ روز وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں سری لنکا سے آئے بودھ مذہب کے 14رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور آفتاب جہانگیر، پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور شہنیلا روت، قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین چیلا رام کیولانی بھی موجود تھے۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ جس طرح ہم نے بھارتی سکھوں کے لیے کرتارپور راہداری کھولی ہے، اسی سری لنکن بھائیوں کے لیے بودھ مت کے مقدس مقامات کو بھی کھولنا چاہتے ہیں۔ ہمارا مقصد سیاحت کا فروغ اور پیسے کمانا نہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ بودھ مت کے پیروکاروں اور پاکستانی عوام کے درمیان بھائی چارے کا فروغ ہو۔ ہم بودھ مت اور گندھارا تہذیب کے آثارِ قدیمہ محفوظ بنانے کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری شہنیلا روت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ بودھ وفد کے سربراہ ڈاکٹر اساجی تھیرو اور دیگر نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستی کو لازوال قرار دیا اور کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان میں گندھارا اور بودھ مت تہذیب کو دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے ایک عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے جس میں چین، کوریا، جاپان، سری لنکا، ویت نام، تھائی لینڈ سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے مندوبین کو شرکت کی دعوت دی جائے۔