نئے انگریزی چینل کی بنیاد رکھ رہے ہیں‘فواد چودھری

143

اسلام آباد ( آن لائن ) حکومت نے صحافیوں کے لیے وزیراعظم ہاؤسنگ پروجیکٹ سے گھر اور صحت کارڈ دینے کا اعلان کر دیا۔ ایک ٹوئٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں اصلاحات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جارہا ہے، پی ٹی وی نیوزکو ایچ ڈی کرنے کی یکم جون تک کی ڈیڈلائن دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کوایچ ڈی کرنے کا منصوبہ 2019ء سے التوا کا شکار ہے، رواں سال ہی پی ٹی وی اسپورٹس کو بھی ایچ ڈی کیا جائے گا۔فواد چودھری نے کہا کہ نئے انگریزی چینل کی بنیاد رکھ رہے ہیں، کراچی او ر لاہور اسٹوڈیوزکی تزئین وآرائش کی جائے گی۔ اے پی پی کوڈیجیٹل نیوزایجنسی بنائیں گے،پی آئی ڈی اور اشتہارات کانظام پیپرلیس کرنے کی طرف اقدامات شروع کردیے، ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کی بھی تجدید کی جائے گی۔صحافیوں سے متعلق فواد چودھری نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ صحافیوں کے لیے وزیراعظم ہاؤسنگ پروجیکٹ سے گھر،صحت کارڈدیں گے اور تنخواہوں کی ادائیگی لازمی کرنے کے لیے قانون سازی کے ساتھ ساتھ انشورنس لارہے ہیں، پریس کلب کوسہولتیں دینابھی میری پالیسی ہوگی، ڈیجیٹل میڈیا کو مکمل سپورٹ دیں گے۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ 2018ء میں قومی ترانے کی ڈیجیٹل ریکارڈنگ کا فیصلہ ہواتھا جو شروع ہوگیا ، قومی ترانے کو ڈیجیٹل ریکارڈنگ کے بعد چند ماہ میں ریلیز کیا جائے گا۔