بھارت میں 18 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ویکسینیشن کا فیصلہ

303

بھارتی حکومت نے ہیلتھ ورکرز، فرنٹ لائن ورکرز اور عمر رسیدہ شہریوں کے بعد 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت حکومت کا کہنا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے ویکسینیشن کا آغاز یکم مئی سے ہوگا۔

بھارت میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی قلت ہے، حکام نے یہ نہیں بتایا کہ اضافی ویکسین کہاں سے لائی جائیں گی۔

بھارتی حکومت نے پچھلے ہفتے بتایا تھا کہ حکومت کے پاس کُل 27 ملین کورونا ویکسین کی خوراکیں ہیں۔

اس وقت بھارت کی کئی ریاستوں کو کورونا ویکسین کی قلت کا سامنا ہے۔ شہری ویکسین سینٹر سے بغیر ویکسینیشن کے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد 26 اپریل تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔

دہلی میں انفیکشن کی شرح بڑھ کر تقریبا 30 فیصد ہوگئی ہے اور دہلی کے اسپتالوں میں بیڈ اور آئی سی یو کی بہت بڑی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

دہلی حکومت کے سب سے بڑے لوک نائک اسپتال میں نہ تو عام بستر اور نہ ہی آئی سی یو بستر خالی ہے۔ کورونا کے مریض تمام اسپتالوں میں کھڑے ہیں۔

اس صورتحال میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پیر کو لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل سے ملاقات میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔