ـ2روزہ تعطیل ختم اور مارکیٹیں رات2 بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے

272

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد،سینئر نائب صدر سید لیاقت علی ،نائب صدر جاوید حاجی عبداللہ، جنرل سیکرٹری عثمان شریف نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں کی 2 روز کی چھٹی فوری طور پر ختم کی جائے اور 10 رمضان المبارک کے بعد کراچی میں ریٹیل مارکیٹیں رات 2 بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ عوام آسانی سے عیدالفطر کی خریداری کر سکیں۔اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے مسئلے پر فوری طور پر کراچی چیمبر آف کامرس کو اعتماد میں لے اور مارکیٹوں سے متعلق تمام فیصلے چیمبر کی مشاورت سے کیے جائیں۔تاجر رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ رمضان میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مارکیٹیں بند رہیں جس کی وجہ سے تاجروں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی مارکیٹوں کے اوقات کم کرنے اور ہفتہ وار 2 دن کی تعطیل کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہیں ۔تاجر رہنماؤں نے کورونا کے باوجود بڑے شاپنگ سینٹرز کھلے رکھنے اور مارکیٹیں بند رکھنے کے فیصلے کو ناقابل فہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کی خرید وفروخت کے لیے تاجروں نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے ۔گارمینٹس بچوں کے کھلونے، خواتین کے استعمال کی مصنوعات کاسمیٹیکس کے آئٹم ،ٹیلرنگ ورک ،کھلونے، جو تے ، گھریلو آرائش اور دیگر اشیاء کی خرید و فروخت رمضان کے مہینے میں ہوتی ہے، اگر ان کی فروخت کے لیے مناسب وقت نہ دیا گیا اور مارکیٹوں کو رات کے اوقات میں 2 بجے تک کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی تو تاجر دیوالیہ ہو جائیں گے۔ اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے کہا کہ کورونا کی مہلک وبا سے حکومت اور تاجروں کو مل کر ہی مقابلہ کرنا پڑے گا اسی لیے ہم مارکیٹوں کو ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ کھولنا چاہتے ہیں۔اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو پھر مجبوراً ہمیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا ۔