جہانگیر ترین کے حامی ارکان کی وزیر اعظم کو دھمکی

414

لاہور: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے حامی اراکین نے وزیر اعظم عمران خان  سے انصاف نہ ملنے پر استعفے دینے کی دھمکی دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بینکنگ کورٹ میں پیشی سے پہلے جہانگیر ترین کی زیر صدارت ہم خیال ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا،جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے تاحال گرین سگنل نہ مل سکا ، جس کے بعد حکومتی رویے کیخلاف جہانگیر ترین کے حامی اراکین نے اسمبلیوں سے استعفے کے آپشن پر غور شروع کردیا۔

راجا ریاض نےوزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا  کہ عمران خان بات کو آگے نہ بڑھائیں آخری بار انصاف مانگ رہے ہیں،انصاف نہ ملاتو فیصلہ کرنے پر مجبور ہونگے، ہمارے ساتھ 40ارکان اسمبلی ہیں۔

اسحاق خاکوانی نے کہا کہ آج نہ انصاف ہے اور نہ ہی ایمانداری، ہم تمام جھوٹے الزامات کا جواب دیں گے، ہم تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے وزیر اعظم سے انصاف مانگ رہے ہیں۔

جہانگیر ترین کی زیر صدارت اجلاس میں حکومت سے ناراض اراکین سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا گیا،ناراض اراکین کا آئندہ اجلاس بدھ کو طلب کیا ہے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اجلاس میں ارکان کی رائے تھی کہ ناانصافیاں جاری رہیں تو استعفیٰ کا آپشن موجود ہے تاہم اجلاس میں فوری استعفوں کی آپشن کو مسترد کر دیا گیا، 21 اپریل کو افطار پر ایک اور اجلاس بھی بلایا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور وزیر اعظم کو خط کے بعد کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔