لاہور: قیدیوں کی کورونا ویکسی نیشن شروع

402

لاہور: وزیر جیل پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہےکہ پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں اور ملازمین کی ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اب تک 107 قیدی اور 34 ملازمین مستفید ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اب تک 480 قیدیوں کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ گزشتہ روز 107 قیدیوں اور 4 ملازمین کو بھی ویکسین لگوائی گئی ہے۔

صوبائی وزیر کا کہناتھا کہ اب تک 34 جیل ملازمین کورونا ویکسین سے مستفید ہو چکے ہیں اور  مہم ہر ضلع کے متعلقہ سی ای او ہیلتھ کے تعاون سے جاری ہے جبکہ جیل ملاقاتوں پر پابندی بھی کورونا سے بچاؤ کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

خیال رہےکہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 100 اموات اور 5 ہزار 139 نئے کیسز سامنے آئے ہیں  جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 329 تک پہنچ گئی ہے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد7 لاکھ 15 ہزار 968 ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 73 ہزار 78 ہے اور 6 لاکھ 27 ہزار 561 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 6 ہزار 908 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 523، خیبر پختونخوا 2 ہزار 586، اسلام آباد 601، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 213 اور آزاد کشمیر میں 395 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

واضح رہے اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 64 ہزار 902، خیبر پختونخوا 97 ہزار 318، پنجاب 2 لاکھ 45 ہزار 923، سندھ 2 لاکھ 68 ہزار 284، بلوچستان 20 ہزار 178، آزاد کشمیر 14 ہزار 260 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 103 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔