پاکستان اور چین عالمی کشیدہ و متنازع امورکے حل کیلیے کام کرنے پر متفق

255

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اور چین نے علاقائی اور عالمی کشیدہ و متنازع امور کے پرامن و سیاسی حل اور دنیا بالخصوص ایشیا میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، یہ اتفاق رائے اقوام متحدہ سے متعلق امور پر چین اور پاکستان کے مشاورتی اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ سے متعلق امور پر چین اور پاکستان کا تیسرا مشاورتی اجلاس وڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوا۔ پاکستان میں چینی اور چین میں پاکستانی سفارت خانوں کے علاوہ نیویارک اور جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستانی اور چینی مستقل مشنز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد جاری 5 نکاتی مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں اطراف نے اتفاق کیا کہ کثیرالقومیت کا پوری ثابت قدمی سے تحفظ کرتے ہوئے عالمی امور میں اقوام متحدہ کی مرکزیت کی حمایت کی جائے، اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالقومی اداروں میں تعاون اور کلیدی و بڑے مفادات پر ایک دوسرے کی حمایت کو مضبوط بنایا جائے۔ ہر قسم کی دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے ذریعے اقوام متحدہ کے فریم ورک میں انسداد دہشت گردی اور قیام امن کیلیے تعاون مضبوط بنایا جائے اور اقوام متحدہ کی قیام امن کی کارروائیوں کی حمایت کی جائے جبکہ انسانی حقوق کے شعبے میں اسٹریٹجک اشتراک عمل کو پختہ کیاجائے، انسانی حقوق کے مسئلے پر دہرے معیارات اوراس پر سیاست کی ملکر مخالفت کی جائے اور اشتراکی انداز میں تمام انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلیے کام کیا جائے۔