پیپلز پارٹی نے سیاسی پختگی دکھائی ہے، ہمایوں اختر

133

لاہور (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی پختگی دکھائی ہے اور امید ہے کہ ملکی اور عوامی مفادات کے لیے قانون سازی میں ہمیں ان سے تعاون ملے گا ،مسلم لیگ (ن) کے ماضی کی وجہ سے کوئی بھی جماعت اس پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں ، موجودہ کابینہ ربڑ سٹیمپ نہیں ہے اور بھارت سے تجارت کے حوالے سے فیصلے کی تبدیلی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کاسوائے جھوٹا اور منفی پروپیگنڈا کرنے کے سواکوئی کردار نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن کی سیاست کا وقت سے پہلے حشر نشر ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ90کی دہائی میں احتساب کا ادارہ ضرور سیاسی تھا جس کا دفتر وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں قائم تھا ، ہم نے نیب کا ادارہ نہیں بنایا ، 5 سال پیپلز پارٹی اور 5 برس مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی لیکن انہوں نے اس کے قوانین میں تبدیلی کے بارے میں نہیں سوچا، آج جب ہم قوانین میں تبدیلی کے لیے مذاکرات کی میز سجاتے ہیں تو اپوزیشن 34 نکات لے کر آ جاتی ہے ۔