وفاق کا گریڈ ایک تا 16 کی سیکڑوں اسامیاں ختم کرنیکا فیصلہ

215

اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی حکومت نے گریڈ ایک تا 16 کی سیکڑوں اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسامیاں ختم ہونے سے تنخواہوں اور پنشن کی مد میں اربوں روپے کی بچت ہوگی، کابینہ کمیٹی کا فیصلہ تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ارسال کردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کی وفاقی حکومت کی تنظیم نو سے متعلق سمری پر فیصلہ کیا گیا۔ ختم کی جانے والی اسامیوں میں ٹرانسفر، پوسٹنگ اور ترقی کے باعث خالی اسامیاں شامل نہیں ہوں گی۔ ان اسامیوں میں صحت، تعلیم اور پولیس کی گریڈ ایک سے 16 کی اسامیاں ختم نہیں کی جائیں گی کابینہ کمیٹی نے وزارتوں کو ایک ماہ میں خالی اسامیوں کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب عوامی حلقوں کا مہنگائی بے روزگاری پر اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت اگر اسی طرح ملازمتوں کے مواقعوں کو محدود کرتی گئی اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا رہا، تو لوگوں کے لیے ایک وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوجائے گا، حکومت عوام کو روزگار مہنگائی میں ریلیف دینے اور سہولیات دینے کے بجائے عوام کو مزید مسائل کی دلدل میں دھکیل رہی ہے۔