اسپتالوں میں ماسک اور سینیٹائزر مفت میں تقسیم کیے جائیں، ڈی سی

189

بدین (نمائندہ جسارت) کورونا کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے، اس سے بچاؤ کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانا انتہائی ضروری ہے، اسپتالوں میں ماسک اور سینیٹائزر مفت میں تقسیم کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے کورونا سے بچاؤ اور احتیاتی تدابیر اپنانے کے لیے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کورونا کے فوکل پرسن ڈاکٹر وسیم عباس اور کورونا پر کام کرنے والی انٹرنیشنل این جی او ایکٹیڈ کے منیجر نثار اور نوید کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہر تحصیل ہیڈ کوارٹر کے اسپتال میں کورونا کے مریضوں کے لیے وارڈ ضرور ہونے چاہییں۔ اس کے علاوہ لوگوں کو آگاہی دینے کے لیے ہر تحصیل میں پینا فلیکس بھی نمایاں جگہوں پر لگائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس 70 پر 20 مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات سے قبل علاقے کے لوگوں کو بھی آگاہی دی جائے تاکہ وہ انتخابات والے دن سماجی فاصلے سے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ اس موقع پر اے ڈی سی ٹو بدین محمد یونس رند، اسسٹنٹ کمشنر سرمد شیخ اور پرتھوی سریش ملانی بھی موجود تھے۔