چیئرمین نیب خود کو مقدس گائے نہ سمجھیں‘ اراکین پبلک اکائونٹس کمیٹی

131

اسلام آباد( آ ن لائن ) پارلیمانی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس ( ر) جاوید اقبال کے کمیٹی میں نہ آنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے نمائند ے ڈائریکٹر فنانس کو کمیٹی سے نکال دیا اور کہاکہ چیئرمین نیب خود کو مقدس گائے اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں سیاستدا نوں کے ایک ایک انچ کا حساب رکھتے ہیں خود جو قومی خزانے سے خرچ کررہے ہیں اس کا حساب دینے کوتیار نہیں ۔ کمیٹی نے سیکرٹری اسٹیبشلمنٹ، سیکرٹری فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے نہ آنے پر بھی ان کے نمائندوں کو بھی اجلاس سے نکال دیا جبکہ پی ایس ڈی نے وزارت پیٹرولیم کے مالیاتی نظام کو ناقص قرار دیتے ہوئے اس کی تنظیم نو کی بھی ہدایت کردی ۔ پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہو ا جس میںمختلف وزارتوں کی طرف سے ہر ماہ محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس منعقد نہ کرنے جبکہ چیئرمین نیب کے نہ آنے پر کمیٹی نے اظہار برہمی کیا،سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کے نہ آنے پرا سپیشل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو اجلاس سے نکال دیاگیا ، سیکرٹری فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے نہ آنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا ۔ کمیٹی نے اجلاس میں نہ آنے والے سیکرٹریوں کو اظہار ناراضگی کے خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔چیئرمین نیب جسٹس( ر) جاوید اقبال کے اجلاس میں نہ آنے پر اراکین پھٹ پڑے اور کہا کیا چیئرمین نیب قانون سے بالاتر ہیں۔اپنے آپ کو مقدس گائے سمجھتے ہیں۔