اردن: باغی شہزادے نے ہتھیار ڈال دیے ، صلح نامے پر دستخط

282
عمان: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اردنی ہم منصب ایمن الصفدی سے ملاقات کررہے ہیں

 

عمان (انٹرنیشنل ڈیسک) اُردن میں باغی شہزادے حمزہ نے شاہ عبداللہ دوم سے وفاداری کا عہد کر لیا۔ اردن کی شاہی عدالت نے بتایا کہ شہزادہ حمزہ نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں، جس میں انہوں نے شاہ اردن سے ہمیشہ کے لیے وفاداری کا عہد کیا ہے۔ چند روز قبل شہزادہ حمزہ کو بغاوت کے الزامات کے تحت ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ نے شہزادہ حسن، شاہ عبداللہ کے چچا، اور دیگر شاہی خاندان کے افراد سے ملاقات کے بعد اس عہد نامے پر دستخط کیے ہیں۔ دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان شاہ سلمان کا اہم پیغام لے کر اردن پہنچ گئے۔ اردنی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دارالحکومت پہنچے، جہاں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایمن صفدی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شہزاہ فیصل نے شاہ سلمان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا،جس میں مشکلات میں ریاض حکومت کی حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ پیغام میں شاہ عبداللہ دوم کی جانب سے اردن اور اس کے مفادات کے تحفظ کے لیے کیے جانے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے گہرے تعلقات کا عزم کیا اور ہر شعبے میں تعاون کو بہتر بنانے کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔قبل ازیں شاہ سلمان نے اتوار کے روز ٹیلی فون پر اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم سے بات چیت کی تھی۔ اس موقع پر شاہ سلمان نے اردن کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا تھا۔