دینی اداروں کے خلاف عالمی استعمار کا ایجنڈا ہے، عندالرشید ترابی

218

مظفر آباد (نمائندہ جسارت) چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے علمائے کرام،دینی جماعتوں اور تنظیموں کے تحفظات سے وزیر اعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر خان کو آگاہ کردیا۔ وزیر اعظم راجا فاروق حیدر خان نے علما سے مشاورت کے بعد مسائل کے حل کی یقین دہانی کرادی۔ دریں اثنا عبدالرشید ترابی نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوقاف، دینی مدارس اور ادارے نظریاتی قلعے ہیں، انہیں کمزور کرنے کی کوششیں اور ان کے لیے مسائل پیدا کرنا عالمی استعمار کا ایجنڈا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کا شکنجہ ان اداروں کی امداد میں رکاوٹیں پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظریاتی خطہ ہے ،یہاں پر جس پارٹی کی بھی حکومت رہی، اس نے ان اداروں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد اس خطے کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ آزادکشمیر کے علما کرام نے اختلافات سے بالا تر ہو کر ہمیشہ رواداری کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہاکہ موجود اسمبلی نے قرآن کی لازمی تعلیم ،شریعت اپیلٹ بنچوں کا مسئلہ یکسو کیا۔ ختم نبوت کے حوالے سے جامع قانون ساز ی کی۔ اس سے یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہاں اسلامائزیشن کے لیے ہر دور میں کام ہوتا رہا۔ انہوں نے کہاکہ وقف املاک ایکٹ کے حوالے سے وزیر اعظم علمائے کرام سے مشاورت کرکے ان کے تحفظات اور خدشات کو دور کرنے کا اہتمام کریں۔ عبدالرشید ترابی نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے مرکز میں منعقدہ اجلاس میں متفقہ طور پر پاس کی جانے والی قرارداد کے نقاط کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت مدارس اور مساجد کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرے ان اداروں کو زکوٰۃ اور خیرات کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔ یہ اللہ کی کتاب قرآن کی تعلیم دے رہے ہیں۔ اس لیے اسلامی ریاست کی ذمے داری ہے کہ وہ ان اداروں کے ساتھ بھرپو ر تعاون کریں۔