مستقبل جماعت اسلامی کا ہے، کارکن انتخابات کی بھر پور تیاری کریں، ڈاکٹر خالد محمود

157

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ امیدواروں کے نام فائنل کر لیے ہیں، جن کا اعلان چند دنوں میں کردیا جائے گا۔ جماعت اسلامی اپنے منشور اور انتخابی نشان پر انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔جماعت اسلامی نے اعلیٰ تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور صاحب کردار قیادت کو سیاسی میدان میں اتار دیا ہے۔ کشمیرکی آزادی اور اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہمارا مشن اور ہدف ہے۔جماعت اسلامی ہی متبادل قیادت ہے۔ آزادکشمیر میں 73 برس سے برسر اقتدار رہنے والوں نے خطے کو مسائلستان بنا دیا ہے۔نالائق اور نا اہل قیادت نے نہ تو بیس کیمپ کے حقیقی کردار کو بحال کیا اور نہ ہی یہاں کے عوام کے مسائل کے حل کیے۔ ہزاروں پڑھے لکھے نوجوان بیرون ملک دربانی پر مجبور ہیں۔ ریاست کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے۔ صحت اور تعلیم کے شعبے عدم توجہی اور سیاسی مداخلت کے باعث تباہی کے دہانے پر ہیں۔ عدالتی نظام ،تھانے اور کچہریاں عوام کو انصاف فراہم کرنے کے بجائے خوف کا نشان بنے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی حقیقی اسلامی تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ آزاد خطے کو اللہ تعالیٰ نے انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے ان وسائل کو اچھی منصوبہ بندی اور درست حکمت عملی کے تحت برئوے کار لایا جائے تو یہ خطہ علاقے کا ترقی یافتہ خطہ بن سکتا ہے۔ ہمارے اسلاف نے یہ خطہ اللہ کے نظام کے غلبے اور قیام کے لیے حاصل کیا تھا لیکن 73برس بیت گئے وہ خواب شرمند تعبیر نہ ہوسکا جماعت اسلامی اسی مشن اور خواب کی تعبیر کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکن انتخابات کی بھرپور تیار ی کریں۔ مستقبل اسلامی تحریک کا ہے۔