وزرا کے قلمدان کی تبدیلی متوقع‘وزیر اعظم نے مشاورت مکمل کرلی

95

اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کے لیے مشاورت مکمل کرلی ہے اور کسی بھی وقت وزرا کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا حوالے سے اعلان متوقع ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی تاخیر وزراکی ناراضگی ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی قائدین،قریبی رفقاء کی مشاورت سے ناراض وزرا کے تحفظات دور کر دیے ہیں،ناقص کارکردگی کے حامل وزرا کے قلمندان تبدیل کیے جائیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت انسداد منشیات، وزارت فوڈ سیکورٹی، وزارت توانائی میں تبدیلی کی گئی ہے ، وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت ایوی ایشن بھی تبدیل ہوگی ۔ وزارت خزانہ میں بھی ٹیم کو مضبوط کرنے کے لیے شوکت ترین کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔شوکت ترین کو ابتدا میں ر کن اکنامک کونسل پھر معاون خصوصی اور وزیر بنایا جائے گا ۔وزارت اطلاعات و نشریات میں 5 شخصیات کی نئی ٹیم بنانے کی تجویز دی گئی ہے ۔ وفاقی وزیر،وزیر مملکت اور معاونین خصوصی و ترجمان پر مشتمل میڈیا ٹیم وزارت اطلاعات کے امور دیکھے گی۔ شبلی فراز یا فواد چودھری میں سے ایک کو اطلاعات کا وفاقی وزیر بنایا جائے گا، فواد چودھری کو بھی وزارت اطلاعات کی پیشکش کی گئی تاہم فواد چودھری نے وزارت اطلاعات کے حوالے سے مشاورت کے لیے مہلت مانگی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کو اطلا عات نہ ملنے کی صورت میں وزارت توانائی میں ذمے داری ملے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 سے 3نئے وزرا بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سید فخر امام کو وزارت کے بجائے دوبارہ کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے تمام اہم فیصلے کر لیے ہیں اور کسی بھی وقت اعلان متوقع ہے ۔