این اے 75 ڈسکہ، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے منظم دھاندلی کے شواہد مانگ لیے

295

اسلام آباد: این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کے معاملے پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے منظم دھاندلی اور فیصلے کی بنیاد بننے والے شواہد مانگ لیے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کے معاملے پر سماعت ہوئی، آج کی سماعت میں ن لیگ کے وکیل سلمان اکرم راجا نے دالائل مکمل کرلیے، جبکہ الیکشن کمیشن نے تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیا کہ پورے حلقے میں ری پول کا فیصلہ برقرار رکھیں نہیں تو متنازعہ پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرائی جائے، الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل میں رکاوٹیں منصوبے کے تحت ڈالی گئیں۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ کمیشن نے اپنے فیصلے میں کسی منصوبے کا ذکر نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل میاں عبدالرؤف نے دلائل میں کہا کہ لاپتہ پریذائڈنگ افسران کی لوکیشن حلقے کے باہر کی تھی، رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔

جسٹس منیب اختر نے کہا کہ کمیشن نے فیصلے کے بعد رپورٹ کیوں منگوائی، لوکیشن کی اب کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے کہ سیکورٹی اقدامات اطمینان بخش نہیں تھے تو الیکشن کمیشن کو بڑھ کر اقدامات کرنا چاہیے تھے، 7 فروری سے پولیس تعاون نہیں کر رہی تھی، جبکہ الیکشن 19 فروری کو ہوا۔

جسٹس منیب اختر نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے سوال کیا کہ پولیس تعاون نہیں کر رہی تھی تو متبادل انتظام کیوں نہیں کیا گیا ؟ کیوں انتخابی عمل ملتوی کر کے پولیس کے خلاف کاروائی نہیں کی گئی؟ الیکشن کمیشن کو منظم دھاندلی کے شواہد ثابت کرنا ہوں گے، دیکھنا ہوگا کہ کیا پریذائڈنگ افسران کے لاپتہ ہونے سے نتیجہ متاثر ہوا ؟ کیس کی مزید سماعت(کل) ہوگی۔