کابینہ نے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سمری مسترد کردی

403

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سمری مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ کابینہ اجلاس میں بھارت سے چینی، کپاس منگوانے کا معاملہ زیر بحث آیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کی بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سفارش پر غور کیا گیا جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھارت سے سستی چینی منگوانے کی سفارش کی تھی۔

وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سمری کو مسترد کردیا ہے، کابینہ اراکین نے ای سی سی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے تعلقات کے حوالے سے جو مسائل ہیں ایسے میں بھارت سے یہ چیزیں منگوانا کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہوگی۔

وفاقی کابینہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 سے پہلے کی آئینی صورتحال بحال کرے، آرٹیکل 370 کی بحالی تک بھارت سے کسی قسم کی تجارت نہیں ہو سکتی۔

کابینہ کی جانب سے سمری مسترد کیے جانے کے بعد وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مناسب داموں پر دیگر ممالک سے چینی اور کپاس کی درآمد کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔