فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی لگانے کی دھمکی دے دی

229

لاہور(آئی این پی) فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا)نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف)پر پابندی لگانے کی وارننگ دے دی۔دنیا کی فٹ بال کی گورننگ باڈی فیفا نے خبردار کیا ہے کہ اگر پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز پر غیر قانونی قبضہ ختم نہ کیا گیا اور فیفا کے تسلیم شدہ عہدیداروں کوآج (بدھ) تک عمارت تک رسائی کی اجازت نہ دی گئی تو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو معطل کیا جاسکتا ہے۔ فیفا نے کہا ہے بدھ کی شام تک غیرقانونی قبضہ نہ ختم کیا گیا تو پی ایف ایف اپنے تمام حقوق کھو دیگا اور فیفا کے آرٹیکل 13 کے تحت ممبر شپ رائٹ، نیشنل اور کلب فٹبال ٹیمز کی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر بھی پابندی لگ سکتی ہے۔نارملائزیشن کمیٹی پی ایف ایف ہارون ملک کے نام لکھے خط میں فیفا نے کہا ہے کہ غیر قانونی قبضہ کاروں کی طرف سے عدم تعمیل کی صورت میں معاملہ فوری طور پر فیصلے کے لیے فیفا کونسل کے بیورو میں پیش کیا جائے گا ، جس میں آرٹیکل 1 کے تحت پی ایف ایف کی معطلی شامل ہوسکتی ہے۔فیفا نے کہا کہ اسے لاہور میں پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا علم ہوا ہے اور اس دوران سید اشفاق حسین کی حمایت کرنے والے مظاہرین کے ایک گروپ کی جانب سے دفتروں پر حملہ کرنے کے بعد پی ایف ایف کے عہدیداروں اور ملازمین کو وہاں سے نکالنے کی اطلاع ملی ہے۔فٹبال کی عالمی تنظیم نے کہا ہے کہ فیفا ان واقعات کی شدید مذمت کرتی ہے اور اس طرح کی کارروائیوں کو سراسر ناقابل قبول سمجھتی ہے ۔ ہم تمام متعلقہ فریقوں کو ، خصوصا ان افراد کو جنہوں نے پی ایف ایف کے احاطے میں حملہ کیا تھا یاد دلانا چاہتے ہیں کہ بیورو کے فیصلے کے ذریعہ قائم کردہ پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی ہی واحد انتظامی تسلیم شدہ باڈی ہے ہے۔فیفا نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ فیفا نے کہا ہے کہ پی ایف ایف ہیڈکواٹرز میں عملے کو کام کرنے دیا جائے۔پاکستان سال 2014/15 میں مشکل حالات کے باجود عالمی رینکنگ میں 145 نمبر پر تھا جو اب ریکارڈ تنزلی کے بعد 201 نمبر پر آگیا ہے۔