جاپان اور امریکا کے وزرائے خارجہ و دفاع کی ملاقات

275
ٹوکیو: امریکا اور جاپان کے وزرائے خارجہ اور دفاع مذاکرات کررہے ہیں

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے پہلے بیرونِ ملک دورے کے دوران ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصبوں موتیگی توشی متسو اور کشی نوبواو سے ملاقات کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق منگل کے روز ہونے والے اس اہم اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرا نے آزاد اور کھلے ہند بحرالکاہل خطے کے ساتھ ضوابط کی بنیاد پر بین الاقوامی نظام کے قیام سے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ بین الاقوامی نظام کے ساتھ مطابقت نہ رکھنے والے چینی اقدامات جاپان امریکا اتحاد اور عالمی برادری کے لیے سیاسی، معاشی اور عسکری و فنی مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کارروائی کے مخالف ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکی وزرائے خارجہ اور دفاع کے بیرونِ ملک پہلے دورے میں جاپان کو شامل کرنے سے بائیڈن حکومت کا ایشیائی اتحادیوں کو اہمیت دینا واضح ہوتا ہے، خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب چین کے اقدامات نے امریکا کو تشویش میں مبتلا کررکھا ہے۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک نے خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کو شامل کرتے ہوئے ’’کواڈ‘‘ نامی اتحاد تشکیل دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ اتحاد خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو روکنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ اسی تناظر میں واشنگٹن میں بھارتی سفیر ترن جیت سنگھ سندھو نے کہا ہے کہ ان کا ملک کواڈ کے تحت باہمی مشاورت اور تعاون کے ساتھ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کام کر رہا ہے۔