نیتن یاہو کا اماراتی دورہ منسوخ کروا کر اُردن نے بدلہ لے لیا

467

اردن نے آج اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کو امارات جانے کیلئے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے منع کردیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کا متحدہ عرب امارات کا دورہ آج متوقع تھا تاہم اُردن نے نیتن یاہو کے طیارے کو امارات جانے کیلئے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے منع کردیا تھا جس کی وجہ سے نیتن یاہو کا ماراتی دورہ منسوخ ہوگیا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ اُردن کا یہ فیصلہ اردنی ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ کے مسجد اقصیٰ کے دورے کو اسرائیل کی جانب سے منسوخ کرنے کے ردِعمل میں سامنے آیا ہے۔

اسرائیلی نیوز چینلز اور مقامی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا  تھا کہ نیتن یاہو اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے عہدیداروں اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک سے بھی ملاقات کریں گے تاہم سعودی حکام نے نیتن یاہو کے سعودی دورے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے کان نے آج یہ اطلاع دی ہے کہ اردن کے حکام نے اس دورے کے آغاز سے کچھ دیر قبل نیتن یاہو کے طیارے کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے منع کردیا تھا جس کے باعث پرواز کا وقت ڈھائی گھنٹے سے زیادہ بڑھ جاتا تھا۔