جنرل ٹائر نے ششماہی میں406ملین کا منافع حاصل کیا

368

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جنرل ٹائر اینڈ ربر کمپنی پاکستان لمیٹڈ نے سخت معاشی حالات اور مسابقت کے دباؤ کے باوجود 31دسمبر کو ختم ہونے والی ششماہی میں 406ملین روپے کا منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں حاصل کردہ 29ملین روپے کے منافع سے 1300فیصد تک زائد ہے۔ اس عرصہ میں کمپنی کی مجموعی فروخت 6.45ارب روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کی فروخت 4.56ارب روپے کے مقابلے میں 41فیصد زائد ہے۔ زیر تبصرہ مدت کے لیے فی حصص آمدن 3.33روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں 0.24روپے رہی تھی۔ فروخت میں نمایاں اضافہ کمپنی کی متنوع کاروباری حکمت عملی کا نتیجہ ہے جسے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں نے بھی سپورٹ فراہم کی۔ کمپنی نے گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں (او ای ایمز) کے ساتھ تیزی سے نمو پانے والی ریپلیسمنٹ مارکیٹ پر توجہ دی جس کی وجہ سے کمپنی کو کورونا کی وباء سے پیدا ہونے والے سخت چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مدد ملی۔ معاشی سرگرمیوں میں بتدریج اضافہ اور اسمگل شدہ ٹائرز کی دستیابی کم ہونے کی وجہ سے ایک طرف ریپلیسمنٹ مارکیٹ میں نمایاں بہتری کا رجحان رہا دوسری جانب گاڑیوں کی فروخت بڑھنے سے بھی ٹائرز بالخصوص فارمز اور پسنجر کاروں کے ٹائرز کی طلب میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافے کا رجحان رہا۔