امریکااور پاکستان نے توانائی کے شعبہ کو ڈیجیٹل کر دیا

131

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں امریکی سفارتی مشن نے جدید میٹرنگ نظام باضابطہ طور پر حکومتِ پاکستان کے حوالہ کر دیا ہے جس کا مقصد قومی بجلی ترسیل نظام کا بہتر نظم و نسق یقینی بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کی جانب سے تیار کیا جانے والا سیکیور میٹرنگ سسٹم ( ایس ایم ایس) پاکستان کے قومی ادارہ برائے ترسیل وتقسیم بجلی ( این ٹی ڈی سی) کی صلاحیت بہتربناتا ہے تاکہ وہ ملک بھر میں بجلی کی ضروریات کا تخمینہ لگا سکے۔ اس کی مدد سے پاکستان کی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ ( سی پی پی اے۔جی) کو نجی سرمایہ کاروں کے لیے بجلی کی قیمتوں کا موثر، شفاف اور قابل بھروسہ سرشتہ وضع کرنے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔اِن خصوصیات کے باعث یہ نظام حکومت ِ پاکستان کو نجی سرمایہ کاروں سے بجلی مسابقتی نرخوں پر خرید کر صارفین کو مناسب قیمتوں میں فراہم کرنے کے لائق بناتا ہے۔یوایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جْولی کوئنین نے اس موقع پر کہا کہ اِس نظام کا آغاز این ٹی ڈی سی اور سی پی پی اے۔جی کے لیے اہم سنگ میل ہے۔یہ کاوش پاکستان کے بجلی نظام کو ڈیجیٹل سرشتہ پر منتقل کرنے میں معاون ثابت ہو گی اور بجلی کی فروخت کے یکساں نرخ متعین کرنے کے حکومتی خواب کی تکمیل کا بھی باعث بنے گی، جس کی وجہ سے صارفین کو بجلی کم قیمت پر دستیاب ہوگی اور تجارت اور صنعتوں کو فروغ ملے گا۔این ٹی ڈی سی کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے کہا کہ این ٹی ڈی سی اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے پْر عزم ہے ۔