مستونگ میں آپریشن‘کالعدم بی ایل اے کے5دہشت گرد ہلاک

184

کوئٹہ (اے پی پی) بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں سی ٹی ڈی نے ایک آپریشن میں کالعدم تنظیم بی یل اے کے5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق کانٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس کو گرفتار دہشت گردوں سے دوران تفتیش معلوم ہوا کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے کچھ دہشت گرد ایک مکان میں چھپے ہوئے ہیں اور کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بنارہے ہیں۔ اس اطلاع پر سی ٹی ڈی کوئٹہ کی ٹیم نے کارروائی کی اور مکان کو گھیر کرکے دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کا کہا تاہم انہوں نے فورسز پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں 5 دہشت گرد مارے گئے ۔ مارے گئے دہشت گردوں میں وہ 2 دہشت گرد بھی شامل ہیں جنہوں نے سی ٹی ڈی کو ساتھیوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کرائی تھی۔ کارروائی کے دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گردوں کے کچھ ساتھی فرار بھی ہوئے۔ ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت شاہ نذر، عارف مری ، یوسف مری، سمیع اللہ پرکانی اور جمیل احمد پرکانی کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک دہشت گرد سمنگلی روڈ پر مزدوروں پر دستی بم حملے، ہزار گنجی میں آزاد خان مری پر بم حملے اور کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز پر دستی بم حملوں سمیت دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔