پی سی بی ہیڈکوارٹر میں اہم شخصیت سمیت 3 افراد میں کورونا رپورٹ مثبت آگئی، آفس 4روز کے لیے بند

252

لاہور:(سید وزیر علی قادری) ذرائع کے مطابق لاہور میں قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں واقع پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں چند عملے کے افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر دفاتر بند کردیے گئے اور عملے کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت دے دی گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملازمین کے لیے کووڈ 19ایس اوپیز جاری کردیے ہیں اور ملازمین کو آئندہ 4 روز گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کوویڈ ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں، جن افراد کی کوویڈ رپورٹ مثبت آئی ہیں ان میں ایک بااثر شخصیت بھی شامل ہے تاہم اس کا بھی نام ابھی تک سامنے نہیں آسکا۔ترجمان نے جسارت کے استفسار کرنے پر بتایا کہ انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق پہلے ہی 50فیصد ملازمین گھر بیٹھ کر ایک وقت میں کام کررہے ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کو بھی کھلاڑیوں اور آفیشلز میں کورونا رپورٹ مثبت آنے کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا اور چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے 2رکنی میڈیکل ٹیم بھی بناکر 31مارچ تک رپورٹ مانگ لی ہے جس میں اس بات کا تعین ہوسکے گا کہ سخت اقدامات کے باوجود کہاں انتظامی جھول رہا کہ بورڈ کو عالمی طور پر خفت کا سامنا کرنا پڑا اور لیگ میں شامل فرنچائزز کے مالکان نے الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ دریں اثنا کرکٹ کے حلقوں میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے استعفی کی خبریں بھی گردش میں ہیں جبکہ اس افواہ کو بورڈ نے یکسر مسترد کردیا ہے۔