جہاں پیسوں کی ریل پیل ہو وہاں خود بخود ترقی ہوتی ہے، عمر ایوب

221

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ جہاں پیسوں کی ریل پیل ہوگی وہاں خود بخود ترقی ہوتی ہے جبکہ بھارت کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کو منفی انداز میں پیش کیا جائے، آرمی چیف سے درخواست کی کہ ٹورازم کے لیے تعاون چاہیے، آرمی چیف نے کہا کہ ٹورازم کے فروغ کیلیے جو بھی ضروریات ہیں پوری کریں گے۔ کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پاکستان ٹورازم فورم کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاحتی شعبے کے فروغ میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے، مستقبل میں پیرا گلائیڈنگ اور اسکائی ڈائیونگ کو عام کریں گے، کوہ پیمائی کیلیے بھی نوجوان آگے آئیں اپنا لوہا منوائیں۔ ان کا کہنا تھا کارپوریٹ سیکٹر کو پاکستان میں ٹورازم کے فروغ کیلیے سامنے آنا چاہیے کیونکہ ملک میں جتنی سیاحت ہوگی اس سے معیشت کو سہارا ملے گا، مصر میں سیاحت ہوسکتی ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں؟ وقاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اداروں کے باہمی تعاون سے اسلام آباد میں سیاحتی میلے کا انعقاد ممکن ہوا، مسلح افواج اور وفاقی وزرا نے ایونٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔