شمالی و جنوبی وزیرستان میں آپریشن‘ 4 دہشت گرد ہلاک

300

راولپنڈی/ میرانشاہ/ گھوٹکی (صباح نیوز/ نمائندہ جسارت) سیکورٹی فورسز نے شمالی و جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب 4 دہشت گرد مارے گئے۔کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل اور جنوبی وزیرستان کے زوئیدا میں کی گئی۔ مارے جانے والوں میں عبدالادم زیب عرف ڈنگ کا تعلق ٹی ٹی پی بسمہ اللہ گروپ سے تھا۔ کمانڈر عبدالادم زیب20 سے زاید دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھا۔دریں اثناشمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں زیرِ تعمیر پیٹرول پمپ کو بارودی مواد سے اُڑا دیا گیا ۔ علاوہ ازیں ضلع گھوٹکی میں بچوں کے ایک ڈبے سے کھیلتے ہوئے اچانک زوردھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق واقعہ ضلع گھوٹکی میں واقع تحصیل آفس اوباڑو کے قریب پیش آیا۔