بھارت نے انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرلی

361

احمد آباد (جسارت نیوز )بھارت نے اکثر پٹیل اور ایشون کی تباہ کن بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 25 رنز سے شکست دے کر4 میچز کی سیریز 3-1 سے جیت لی، اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی کوہلی الیون نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے جہاں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔ انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اکثر پٹیل اور روی چندرن ایشون نے 5,5 وکٹیں حاصل کیں۔ پٹیل کو میچ اور ایشون کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ ہفتہ کو ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 294 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو واشنگٹن سندر 60 اور اکثر پٹیل 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور8ویں وکٹ میں 106 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔ اکثر پٹیل بدقسمت رہے اور 43 رنز بناکر رن آئوٹ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں بین ا سٹوکس نے آخری دونوں بلے بازوں کو صفر پر آئوٹ کرکے بھارتی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ واشنگٹن سندر 96 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ اس طرح بھارت کی پوری ٹیم 160 رنز کی برتری کے ساتھ 365 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ بین اسٹوکس نے4، جیمز اینڈرسن نے تین اور جیک لیچ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 10 کے مجموعی اسکور پر روی چندرن ایشون نے مسلسل 2 گیندوں پر اوپنر زیک کرالی اور جونی بیئر اسٹو کو آئوٹ کرکے انگلینڈ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ ڈوم سبلی تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 3 رنز بناکر اکثر پٹیل کی گیند پر پنٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ بین ا سٹوکس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 2 رنز بناکر اکثر پٹیل کی گیند پر ویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ 65 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کو 5واں نقصان اٹھانا پڑا جب اولی پوپ 15 رنز بنانے کے بعد اکثر پٹیل کی گیند پر پنٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں روی چندرن ایشون نے کپتان جو روٹ کو 30 کے مجموعی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔ ڈین لارنس اور بین فوکس نے7ویں وکٹ میں 44 رنز کا اضافہ کیا۔ فوکس 13 رنز بناکر اکثر پٹیل کی گیند پر راہانے کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ ڈوم بیس اور جیک لیچ2,2و رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ ڈین لارنس نے 50 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی اور ایشون کا نشانہ بنے۔ اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پٹیل اور ایشون نے5,5 وکٹیں حاصل کیں۔